تین ہیلتھ افسروں کے دور دراز تبادلوں ، انکوائری کی سفارش
تین ہیلتھ افسروں کے دور دراز تبادلوں ، انکوائری کی سفارشادویات خریداری معاملہ، سی ای او کا سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ، کارروائی کی درخواست
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان میں ادویات کی خریداری کے معاملے پر انکوائری کے بعد تین سینئر افسران کے فوری تبادلے ، ترجیحاً دور دراز علاقوں میں تعیناتی اور مزید انکوائری کی سفارش کردی گئی۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان نے سیکرٹری صحت پنجاب کو مراسلہ ارسال کرکے افسران کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی درخواست کی ہے ۔سرکاری دستاویز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پی ایس) ڈاکٹر جہانزیب خان نے 19جون 2026 کو ادویات کی خریداری کے معاملے پر انکوائری کی درخواست دی تھی، جس پر سی ای او ہیلتھ نے 22 جون کو انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔ کمیٹی نے 20 اگست کو اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں تین افسران کے خلاف سفارشات کی گئیں۔
مراسلے کے مطابق ڈاکٹر جہانزیب خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جہانزیب خان خٹک اور میڈیکل آفیسر سکول ہیلتھ یونٹ ڈاکٹر ایم عدیل بھٹہ کی خدمات اور طرزعمل کو اتھارٹی کے مؤثر انتظامی نظام کیلئے موزوں قرار نہیں دیا گیا۔ سی ای او نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ تعیناتی برقرار رہنے سے انتظامی اور عملی امور متاثر ہوسکتے ہیں۔مراسلے میں عوامی مفاد میں تینوں افسران کو فوری طور پر دوسری، ترجیحاً دور دراز جگہوں پر منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ ان کے خلاف عائد الزامات اور طرزعمل کی مزید چھان بین کرکے متعلقہ قواعد، پالیسی اور پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کی درخواست بھی کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت پنجاب رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد فیصلہ متوقع ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments