سیرتِ مصطفی ؐ پر عمل ڈپریشن سے نجات کا مؤثر علاج :حافظ سعید
اسوۂ حسنہ کو اپنایا جائے گا تو محبت، رحمت، باہمی احترام، کی فضا قائم ہو گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سمن آباد میں منعقدہ میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید رضا بغدادی نے کہا ہے کہ ڈپریشن، بے سکونی اور ذہنی اضطراب سے نجات کے لیے سیرتِ مصطفی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے ۔ دل کو دنیا کی بے جا محبت سے خالی کرکے اس میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت پیدا کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پرآشوب اور افراتفری کے دور میں گھروں اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بددلی، ڈپریشن، باہمی نااتفاقی اور نفرتوں کا مؤثر اور دائمی علاج سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے ۔ جب گھروں اور معاشرے میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنایا جائے گا تو محبت، رحمت، باہمی احترام، صبر، برداشت اور خیرخواہی کی فضا قائم ہوگی، جو ایک پرامن، مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی بنیاد حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی پر قائم ہے ، جبکہ بارگاہِ رسالت مآب ﷺ کا ادب، تعظیم، اطاعت اور کامل اتباع ایمان کا لازمی تقاضا ہے ۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس پوری انسانیت کے لیے کامل اور دائمی نمونۂ حیات ہے ، جن کی تعلیمات ہر دور کے انسان کو فلاح، اعتدال اور کامیابی کا راستہ دکھاتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments