غیر قانونی الاؤنس لینے پر میڈیکل آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری
غیر قانونی الاؤنس لینے پر میڈیکل آفیسر کو شوکاز نوٹس جارینجی کلینک چلانے ،سرکاری سہولتوں کاالزام، 12لاکھ 42ہزار ریکوری کا حکم
ملتان (لیڈی رپورٹر)پرائیویٹ کلینک چلانے اور مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر نان پریکٹسنگ اور کنوینس الاؤنس وصول کرنے پر محکمہ صحت نے میڈیکل آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان ڈاکٹر ثوبان ضیا نے سکول ہیلتھ یونٹ کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عدیل بھٹہ سے تین روز میں تحریری وضاحت طلب کرتے ہوئے 12لاکھ 42 ہزار 280 روپے کی ریکوری کا حکم بھی دے دیا۔محکمہ صحت کے مراسلے کے مطابق ڈاکٹر محمد عدیل بھٹہ پر الزام ہے کہ وہ سرکاری ڈیوٹی کے ساتھ گھنٹہ گھر روڈ ملتان پر پرائیویٹ کلینک چلا رہے ہیں اور میڈیکل پریکٹس بھی کر رہے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف وہ نجی پریکٹس کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب سرکاری خزانے سے نان پریکٹسنگ الاؤنس وصول کر رہے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق نان پریکٹسنگ الاؤنس ان ڈاکٹرز کیلئے مختص ہے جو نجی پریکٹس نہیں کرتے ۔ ڈاکٹر عدیل بھٹہ پر سرکاری گاڑی استعمال کرنے کے باوجود کنوینس الاؤنس لینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیا کے مطابق سرکاری فوائد کا غیر قانونی حصول قواعد کی خلاف ورزی ہے ۔ ڈاکٹر عدیل بھٹہ کو تین دن میں وضاحت اور متعلقہ دستاویزی ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ڈی ایچ او پی ایس اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملتان کو الاؤنسز فوری بند کرکے 12 لاکھ 42 ہزار 280 روپے ریکور کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments