بجلی چوری کا خاتمہ، لائن لاسز میں کمی ترجیح :ناصر فانی
بجلی چوری کا خاتمہ، لائن لاسز میں کمی ترجیح :ناصر فانیریکوری بڑھانے ، واجبات وصولی اور شکایات کا بروقت ازالہ کرنیکی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی نے کہا ہے کہ کمپنی کی بہتر کارکردگی کا تعلق فیلڈ افسران کی مؤثر نگرانی، بروقت اقدامات اور مقررہ اہداف کے حصول سے ہے ۔ تمام افسران اپنی ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں اور مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کریں۔میپکو ساہیوال سرکل میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ ٹارگٹ ریویو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی، بجلی چوری کے خاتمے ، ریکوری میں اضافہ، ڈیٹیکشن بلنگ، واجبات کی وصولی اور بجلی کی فراہمی کے نظام میں بہتری اولین ترجیحات ہیں۔ اجلاس میں تمام ایکسین، ایس ڈی اوز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ناصر فانی نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خلاف مہم مزید مؤثر بنائی جائے اور ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ فیلڈ افسران بجلی چوری کے کیسز کی نگرانی اور ڈیٹیکشن بلوں کی بروقت وصولی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری واجبات والے صارفین سے قواعد کے مطابق بقایا جات وصول کئے جائیں، جبکہ لائن لاسز اور ریکوری کے اہداف میں غفلت برداشت نہیں ہوگی۔انہوں نے ایکسین اور ایس ڈی اوز کو روزانہ کارکردگی مانیٹر کرنے اور زیادہ لاسز والے فیڈرز پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ صارفین کو بلا تعطل اور محفوظ بجلی کی فراہمی، خرابیوں اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے نظام کی مسلسل نگرانی بھی یقینی بنائی جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمرشل منیجر فرحان نصیر اور ایکسین سیکنڈ ساہیوال ڈویژن فیصل ظفر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments