دوکوٹہ :بیمار گائے کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام
ڈھائی من بیمار گوشت تلف کرکے سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بیمار جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے دوکوٹہ، میلسی میں گوشت لے جانے والی گاڑی کو چیک کیا تو اس میں چھپا کر بیمار گائے لے جانے کا انکشاف ہوا۔ترجمان کے مطابق گائے کو ذبح کرکے گوشت مختلف میٹ شاپس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی من بیمار گائے کا گوشت تلف کردیا جبکہ سپلائر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کو انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر قرار دیا۔ حکام کے مطابق بیمار جانور کا گوشت انسانی استعمال کیلئے خطرناک ہونے کے باعث تلف کیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناقص اور مضر صحت گوشت سپلائی کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک کے معیار سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سوشل میڈیا سروسز یا ہیلپ لائن ‘‘1223’’ پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments