آؤٹ سورس سرکاری سکولوں کی واپسی شروع، محکمہ تعلیم متحرک

 آؤٹ سورس سرکاری سکولوں کی واپسی شروع، محکمہ تعلیم متحرک

محکمہ سکول ایجوکیشن کا ہنگامی اجلاس، تمام اضلاع سے سکولوں کا مکمل ریکارڈ طلب

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں آؤٹ سورس کئے گئے سرکاری سکولوں کو دوبارہ محکمہ سکول ایجوکیشن کی تحویل میں لینے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے فیز ون، ٹو اور تھری کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کئے گئے سکولوں کی واپسی کے حوالے سے ہنگامی زوم اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے کی، جس میں صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسروں (ایجوکیشن) نے شرکت کی۔ اجلاس میں آؤٹ سورس کئے گئے سکولوں کا مکمل ریکارڈ، انہیں واپس لینے کی وجوہات اور ٹھوس دلائل پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ذرائع کے مطابق جن سکولوں کی واپسی زیر غور ہے ، ان میں عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کا شکار سکول، مقامی آبادی کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنے والے ادارے ، طلبہ کی کم تعداد والے سکول، خطرناک اور غیر محفوظ عمارات میں قائم سکول جبکہ دور دراز، رسائی سے محروم یا حساس علاقوں میں واقع تعلیمی ادارے شامل ہیں۔اجلاس میں متعلقہ افسروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام کیسز کا جائزہ میرٹ اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیا جائے اور سکولوں کی واپسی کے حوالے سے مکمل معلومات محکمہ سکول ایجوکیشن کو فراہم کی جائیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب موصول ہونے والے ریکارڈ اور سفارشات کی روشنی میں آؤٹ سورس سکولوں کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...