الحاق شدہ سکولوں، کالجز کو مفت کھیلوں کا سامان فراہم کرنیکا فیصلہ
طلبہ کی جسمانی نشوونما، صحت مند ماحول سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اہم اقدام
ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈز نے الحاق شدہ سرکاری سکولوں اور کالجز میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مفت کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ تعلیمی اداروں میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔ذرائع کے مطابق الحاق شدہ سرکاری تعلیمی اداروں کو ان کی ضروریات کے مطابق مختلف کھیلوں کا سامان فراہم کیا جائے گا۔ خصوصاً ایسے سکولوں اور کالجز کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جہاں کھیلوں کی سہولیات اور سامان کی کمی کے باعث طلبہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ نہیں لے پاتے ۔تعلیمی بورڈز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کو کھیلوں کے بہتر مواقع بھی میسر آ سکیں۔تعلیمی حلقوں نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل طلبہ کی شخصیت سازی، جسمانی فٹنس اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ماہرین تعلیم کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں سے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مثبت مسابقت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے ۔ کھیلوں کی سہولیات میں اضافے سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع ملیں گے ۔امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں قومی و صوبائی سطح کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments