سیرتِ رسولؐ پر عمل سے معاشرے میں امن ممکن ، طاہرہ نجم

سیرتِ رسولؐ پر عمل سے معاشرے میں امن ممکن ، طاہرہ نجم

خواتین بچوں کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرائیں، عشقِ رسولؐ اجاگر کریں

ملتان (لیڈی رپورٹر)معروف سماجی رہنما و صدر انجمن تجارت، ملازمت و زراعت پیشہ خواتین طاہرہ نجم کی رہائش گاہ پر محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں سیرتِ طیبہ ﷺ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالی گئی، جبکہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ کلام اور درود و سلام پیش کیا گیا۔خالدہ اسلم اور حسنی عثمانی نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے موضوع پر خصوصی درس دیا، جبکہ پروین نیاز، ماہین اور بشریٰ نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ طاہرہ نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی ﷺ منانا محبت، عقیدت اور خوشی کا اظہار ہے ۔ رسول اکرم ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا ہے ۔ محفلِ میلاد میں ذکرِ مصطفی ﷺ سے دلوں کو سکون اور روح کو تازگی ملتی ہے ، جبکہ سیرتِ رسول ﷺ پر عمل سے گھروں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو محبت، بھائی چارے ، صبر، رواداری اور حسنِ سلوک کا درس دیا۔ آج معاشرے سے نفرت، انتشار اور عدم برداشت کے خاتمے کے لئے ان تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ خواتین معاشرے کی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لئے ماؤں اور بہنوں کو چاہئے کہ وہ بچوں کو سیرتِ رسول ﷺ سے روشناس کرائیں اور ان میں اچھے اخلاق و کردار کو پروان چڑھائیں۔محفل کے اختتام پر ملکی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...