ناجائز ٹیکسوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں، زین قریشی
تاجر خوشحال ہوں گے تو ملکی معیشت مضبوط ہوگی، بجلی و گیس کے نرخ کم کئے جائیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)ممبر قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف مخدوم زین حسین قریشی نے نومنتخب صدر انجمن تاجران چونگی نمبر22 رانا شاہ زیب، جنرل سیکرٹری ملک بلاول بھٹہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار مضبوط معیشت پر ہوتا ہے ، جبکہ تاجر ملکی معیشت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاجر طبقہ کاروباری لحاظ سے جتنا خوشحال ہوگا، ملک اتنی ہی ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور نت نئے ٹیکسوں کے نفاذ نے عوام کو فاقہ کشی اور تاجروں کو کاروباری مندی سے دوچار کردیا ہے۔
بجلی اور گیس کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، جبکہ بلوں میں شامل فکسڈ ٹیکسوں نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔مخدوم زین حسین قریشی نے کہا کہ اگر کوئی صارف ایک مرتبہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرلے تو اسے آئندہ کئی ماہ تک اضافی نرخ ادا کرنا پڑتے ہیں، یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ، جس کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ حکومت اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرکے عوام کو مہنگائی اور ناجائز ٹیکسوں سے نجات دلائے ۔اس موقع پر ملک ظہور بھٹہ، سلمان طارق بھٹہ، رحمان طارق بھٹہ، ملک عثمان بھٹہ، اے ڈی بھٹہ، ثاقب بھٹہ، طاہر اشفاق انصاری، حافظ احمد، نعمان عربی، مسعود مغل اور دیگر بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments