مالی معاملات پر آواز اٹھانے والوں کیخلاف کارروائی تشویشناک
یونیورسٹی انتظامیہ الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے ، مقدمات واپس لئے جائیں
ملتان (خصوصی رپورٹر)فپواسا پنجاب کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد بنیامین نے مالی معاملات پر آواز اٹھانے والے اساتذہ اور ملازمین کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انکوائریاں اور ایف آئی آر درج کرانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ اور ملازمین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرائے اور شکایات درج کرانے والوں کے خلاف شروع کی گئی انکوائریاں اور ایف آئی آر واپس لے ۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد بنیامین نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ معاملات درست کرنے کے بجائے شکایت کنندگان کو ہی ہراساں کر رہی ہے ، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی معاملات سے متعلق شکایات کا شفاف طریقے سے جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے جائیں اور متعلقہ فریقین کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے ۔ فپواسا پنجاب کے صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر معاملات درست سمت میں حل نہ کئے گئے تو فپواسا پنجاب اعلیٰ حکام، گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرکے یہ مسائل اٹھائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ اور ملازمین کے تحفظات دور کرکے یونیورسٹی میں شفاف اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments