میاں چنوں میں 25ایکڑ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار
نو کروڑ روپے مالیت کی زمین پر قبضہ ختم، کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
میاں چنوں (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد کی ہدایت پر سرکاری اراضی پر قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 25 ایکڑ رقبہ واگزار کرا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خانیوال کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی میاں چنوں اشفاق احمد نے ریونیو فیلڈ سٹاف اور پیرا فورس کے ہمراہ چک نمبر 115 پندرہ ایل میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران تین سالہ عارضی کاشت سکیم کے تحت دی گئی سرکاری اراضی پر قائم ناجائز قبضہ ختم کراتے ہوئے رقبہ سرکار کے حوالے کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد کے مطابق واگزار کرایا گیا سرکاری رقبہ 25ایکڑ پر مشتمل ہے ، جس کی موجودہ مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بنتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ریونیو عملہ اور پیرا فورس کے اہلکار بھی موقع پر موجود تھے ۔ سرکاری زمین واگزار کرانے کے بعد متعلقہ ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد نے کہا کہ سرکاری اراضی پر کسی بھی شخص کو ناجائز قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری زمینوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز قابضین کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments