بجلی چوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس ،مقدمات درج کرنے کی ہدایت
نادہندگان سے وصولیوں کا عمل تیز، میپکو کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فیلڈ افسر ،اہلکار ذمہ داریاں پوری کریں، سپرنٹنڈنٹ انجینئر عبدالحفیظ بھٹی
ملتان(خصوصی رپورٹر) سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکوسرکل رحیم یار خان عبدالحفیظ بھٹی نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی کنکشن منقطع اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں جبکہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی تیز کرکے مقررہ ریکوری اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں۔ لائن لاسز میں کمی اور کمپنی کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لئے فیلڈ افسروں اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار میپکو کوٹ سمابہ سب ڈویژن خانپور کے دورے کے موقع پر افسروں اور فیلڈ سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایکسین آپریشن میپکو ڈویژن خانپور محمد افضل جوئیہ اور ایس ڈی او آپریشن کوٹ سمابہ سب ڈویژن انجینئر علی نقی نے ایس ای میپکو کو اپنے علاقوں میں لائن لاسز، ریکوری، بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں اور دیگر فیلڈ امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔انجینئر عبدالحفیظ بھٹی نے کہا کہ میپکو کے مالی استحکام اور صارفین کو بہتر بجلی فراہمی کے لئے لائن لاسز میں کمی اور ریکوری میں اضافہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔ فیلڈ افسر اپنے علاقوں میں بجلی کے استعمال، میٹرنگ، ٹرانسفارمرز، لائنوں اور دیگر تکنیکی امور کی مسلسل نگرانی کریں اور جہاں کہیں بجلی چوری یا بجلی کے غیرقانونی استعمال کی نشاندہی ہو وہاں فوری اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے فیلڈسٹاف نادہندگان سے رابطہ کرے ، بقایا جات کی وصولی یقینی بنائے اور منقطع کنکشنز کے غیرقانونی استعمال کی روک تھام کے لئے مؤثر نگرانی کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments