محاذ آرائی ختم، حکومت اپوزیشن مذاکرات کریں، خالد کھوکھر
سیاست اپنی اپنی، پاکستان سب کا ، معیشت کیلئے 25 سالہ روڈ میپ دیا جائے
ملتان (وقائع نگار خصوصی)صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی محاذ آرائی ختم کرکے قومی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دے دی۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی اپنی لیکن پاکستان سب کا ہے ۔خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں اور بندشوں کے اثرات پورے ملک پر پڑتے ہیں، ایکسپورٹ اور امپورٹ متاثر ہو رہی ہیں جبکہ سیاسی اختلافات اور ضد کے باعث عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں تو سیاسی قوتیں مسائل کے حل کیلئے ایک میز پر کیوں نہیں بیٹھیں۔انہوں نے کہا حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے گورننس، تعلیم، صحت، امن و امان اور معیشت کیلئے عملی پالیسیاں تشکیل دیں۔ سیاسی جماعتوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تمام جماعتوں کی میزبانی کیلئے تیار ہیں، مقصد سیاست نہیں بلکہ پاکستان کے مسائل کا حل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کیلئے آئندہ 25 سال کا روڈ میپ دے ۔ گندم کی بوائی سر پر ہے لیکن اب تک کسانوں کیلئے واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔ اگر زراعت کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے ۔ کاشتکار اگلی فصل کیلئے وسائل نہ ہونے کے باعث پریشان ہیں جبکہ ملک کے ہر صوبے کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments