دعوت ذکر و فکر ڈیرہ اللہ ہو کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفی ؐ کا انعقاد
ملتان (کرائم رپورٹر)دعوت ذکر و فکر ڈیرہ اللہ ہو کے زیر اہتمام احباب کالونی بوسن روڈ پر ماہانہ محفل میلاد مصطفیٰ ؐ منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیر دعوت ذکر و فکر خواجہ محمد یوسف نقشبندی نے کی۔
انہوں نے کہا کہ تکبر اللہ تعالیٰ کے نزدیک ناپسندیدہ اور بڑے گناہوں میں شامل ہے ، اس کا علاج عاجزی، انکساری اور تزکیہ نفس ہے ۔ وسائل، صحت، عبادات، اختیارات اور عقل پر ناز کرنا جبکہ دوسروں کو کم تر سمجھنا تکبر کی بدترین صورتیں ہیں۔ انہوں نے کہا شکرگزاری انسان کو قلبی سکون دیتی ہے ، جبکہ شکایت سے موجود نعمتوں کا احساس بھی ختم ہو جاتا ہے ۔ نعمتوں کا شکر یہ ہے کہ انہیں گناہ کے کاموں میں استعمال نہ کیا جائے اور صحت و صلاحیتوں کو عبادت اور نیک کاموں کیلئے بروئے کار لایا جائے۔ خواجہ محمد یوسف نقشبندی نے مدینہ منورہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کیلئے انتہائی مقدس ہے ، امت مسلمہ کو متحد ہو کر ان کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ، پاک فوج نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قوم شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر صاحبزادہ جمال یوسف نقشبندی، صاحبزادہ خواجہ سعد نقشبندی اور دیگر افراد موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments