کمشنر عامر کریم خان کا انسداد ڈینگی اقدامات تیز کرنے کا حکم

 کمشنر عامر کریم خان کا انسداد ڈینگی اقدامات تیز کرنے کا حکم

آؤٹ ڈور سرگرمیوں، ہاٹ سپاٹس کی مانیٹرنگ کی ہدایت،آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ڈینگی کی صورتحال، کنفرم کیسز، لاروا سرویلنس، انڈور و آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور ہاٹ سپاٹس کی مانیٹرنگ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید تیز اور موثر بنانے ، لاروا کی بروقت نشاندہی و تلفی اور ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لاروا کی نشاندہی ڈینگی مچھر کے خاتمے میں مددگار ہے ، اس لئے لاروا سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔کمشنر نے گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈینگی کیسز کے اعدادوشمار کا تقابلی جائزہ لے کر فیلڈ سرگرمیوں میں موجود خلا کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جائے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو ڈینگی آگاہی کے لئے بھرپور استعمال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ چار سے پانچ روز میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے ۔ عوام کو خوفزدہ کرنے کے بجائے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے ۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خانیوال میں رواں سال 6 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 2 کنفرم کیسز شامل ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ سرویلنس اور انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد جاری ہے ۔ عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطے اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آئے ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ، جبکہ بزنس کمیونٹی اور سرکاری اداروں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے ان خیالات کا اظہار ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی منتخب باڈی کی دعوت پر چیمبر کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چیمبر کے عہدیداروں اور ممبران نے انتظامیہ کی جانب سے چیمبر آمد اور کاروباری برادری سے براہِ راست مشاورت پر اظہار تشکر کیا۔کمشنر نے کہا کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کے حل کے لئے کمشنر آفس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور جنوبی پنجاب کی بزنس کمیونٹی سے مستقل رابطہ رکھا جائے گا۔ کاروباری اداروں کی غیرضروری انسپیکشنز کے خاتمے کے لئے مؤثر میکنزم اور تفصیلی انسپیکشن رجیم تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ کاروباری افراد کو غیرضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...