آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج

 آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج

15 کلو آٹے کا تھیلا 2450 روپے تک پہنچ گیا، مزدور طبقہ شدید پریشان

وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی )ضلع وہاڑی میں آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ صرف دو روز کے دوران 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 450 روپے سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 2400 سے 2450 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ دوسری جانب نان اور روٹی کی تیاری میں استعمال ہونے والے فائن میدے کے تھیلے کی قیمت بھی 10 ہزار 200 روپے سے بڑھ کر 13 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔شہریوں کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 20 روز سے فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ باقاعدگی سے فراہم نہیں کیا جا رہا، جبکہ نجی گندم کی قیمت 5300 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے ۔ اس صورتحال کے باعث آٹے اور میدے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ چکی کے آٹے کی قیمت بھی 140 سے 150 روپے فی کلو سے بڑھ کر 170 سے 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے ۔ شہریوں قیصر، فائق، حیدر، کاشان، حسان، سرور، احمد، مرجان، طارق، اویس، موحد اقبال اور دیگر نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ گندم کی نئی پالیسی متعارف کرانے والے وزیر، مشیر اور متعلقہ حکام کہاں ہیں اور کسانوں کے بعد مہنگے آٹے کا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جا رہا ہے ؟شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر سرکاری گندم کے کوٹے کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنا کر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو عوامی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...