خواتین اور بیٹیوں پر مبینہ تشدد، چار ملزمان کے خلاف مقدمہ

 خواتین اور بیٹیوں پر مبینہ تشدد، چار ملزمان کے خلاف مقدمہ

متاثرہ خاندان کا سابقہ مقدمہ بازی پر ہراساں کرنے اور زیادتی کی کوششوں کا الزام

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے بسم اللہ چوک میں خواتین اور ان کی بیٹیوں کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ متاثرہ خاندان نے مزید افراد پر ہراساں کرنے اور بیٹیوں سے مبینہ زیادتی کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے تحفظ اور انصاف کی اپیل کی ہے ۔ایف آئی آر کے مطابق نازیہ بی بی زوجہ علی رضا راجپوت نے بتایا کہ 28 اکتوبر کی شام اطلاع ملنے پر وہ اپنی ہمشیرہ روبینہ بی بی کے گھر پہنچیں تو موضع پرہاڑ شرقی کے رہائشی محمد خالد، علی، ریحان اور شبانہ مبینہ طور پر روبینہ بی بی کو گھسیٹ کر اپنے گھر لے جا رہے تھے ۔ نازیہ بی بی، مقدس فاطمہ اور سندس فاطمہ نے اسے چھڑانے کی کوشش کی تو ملزمان انہیں بھی گھر کے اندر لے گئے اور ڈنڈوں اور ہنٹر سے تشدد کا نشانہ بنایا۔مدعیہ کے مطابق محمد خالد نے ہنٹر کا وار روبینہ بی بی کے سر پر کیا، جس سے وہ زخمی ہوکر نیم بے ہوش ہوگئی۔ دیگر خواتین کو بھی چوٹیں آئیں جبکہ ان کے موبائل فون مبینہ طور پر چھین لیے گئے ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ دفعات 354، 342 اور 34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرلیا ہے ۔دوسری جانب روبینہ بی بی، نازیہ بی بی اور اپنی بیٹیوں کے ہمراہ پریس کلب پہنچ گئی، جہاں انہوں نے الزام لگایا کہ مہر عرفان، عبدالرشید گرمانی، خالد بھرانی، فہد موچی، عبداللہ موچی، عمر چانڈیہ اور ریحان بھرانی سمیت دیگر افراد انہیں مسلسل ہراساں اور تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ خواتین نے مہر عرفان پر بیٹیوں سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور بعض افراد پر اسلحے کے ساتھ گھر میں داخل ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...