زکریا یونیورسٹی :ریٹائرڈ افسر و ملازمین کی سالانہ تقریب کا فیصلہ

 زکریا یونیورسٹی :ریٹائرڈ افسر و ملازمین کی سالانہ تقریب کا فیصلہ

سالانہ عشائیے کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل، ماہانہ چندہ 500 روپے مقرر

ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ریٹائرڈ آفیسرز اینڈ ایمپلائز ویلفیئر گروپ کی انتظامی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ریٹائرڈ افسر اور ملازمین کے اعزاز میں سالانہ تقریبِ ملاقات اور عشائیہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں سید غفور علی شاہ، ڈاکٹر آفتاب شبیر وڑائچ، ترس محی الدین، محمد جمیل قریشی، ملک محمد نواز، جبار احمد مغل، سعید اعجاز مصطفی، محمد خان تھہیم، رانا اشفاق حسین اور عبدالحمید خان بڈانی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ تقریب کے انتظامات کے لئے سات رکنی ڈنر کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جبکہ ریٹائرڈ افسروں اور ملازمین کے درمیان باہمی رابطوں اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سالانہ کم از کم دو سے تین ملاقاتوں کی تقریبات منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔شرکا نے گروپ کا ماہانہ چندہ جنوری 2027ء سے 300 روپے کے بجائے 500 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ نومبر میں منعقد ہونے والی تقریب کے اخراجات کے لئے فی کس ایک ہزار روپے پیشگی تعاون جمع کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے درمیان اتحاد، باہمی احترام، محبت اور فلاح و بہبود کے جذبے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...