وہاڑی میں آوارہ کتوں کی بھرمار ،شہریوں کی زندگی اجیرن

وہاڑی میں آوارہ کتوں کی بھرمار ،شہریوں کی زندگی اجیرن

بچوں، بزرگوں، خواتین اور نمازیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا کتوں کے جھنڈ مختلف مقامات پر گھومتے نظر آتے ہیں، مؤثر مہم شروع کرنیکا مطالبہ

وہاڑی(خبرنگار )وہاڑی شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ پیپلز کالونی، شرقی کالونی، نو گیارہ، مکہ ٹاؤن، ہیر مراد اور کالج ٹاؤن مسلم ٹاؤن،لالہ زار طارق بن زیاد کالونی سمیت متعدد علاقوں میں آوارہ کتوں کی آزادانہ نقل و حرکت شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گلیوں، محلوں، بازاروں اور سڑکوں پر آوارہ کتوں کی موجودگی کے باعث خصوصاً بچوں، بزرگوں، خواتین اور نمازیوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح سویرے سکول جانے والے بچوں اور رات کے اوقات میں گھروں کو واپس آنے والے افراد میں خوف پایا جاتا ہے ۔ آوارہ کتوں کے جھنڈ مختلف مقامات پر گھومتے نظر آتے ہیں، جس سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ہے ۔ قبل ازیں وھاڑی بوریوالہ میں کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں،شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ کتوں کے کاٹنے اور ریبیز جیسی خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی موجود ہے ۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر مہم شروع کی جائے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...