گجرات : کئی اہم ترقیاتی منصوبے تاحال نامکمل
ق لیگ کے دو وزیروں اور ن لیگ کے ضلعی رہنماؤں کے مرکزی قیادت سے براہ راست رابطوں اور مؤثر آواز کے باوجود مسائل جوں کے توں
گجرات (سٹی رپورٹر) ضلع گجرات کی تاریخ میں پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر کی ایک سال چار ماہ تعیناتی کے باوجود کئی بنیادی ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہو سکے ۔ ہر دور حکومت میں وزارتیں رکھنے والا ضلع گجرات آج بھی بنیادی مسائل کے حل کا منتظر ہے ۔ (ق) لیگ کے دو وزیروں اور مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیادت کے مرکزی قیادت سے براہ راست رابطوں اور مؤثر آواز کے باوجود مسائل جوں کے توں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی مشاورت سے نور العین کو گجرات کی پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر تعینات کیا، تاہم ان کی تعیناتی کے ایک سال چار ماہ گزرنے کے باوجود 21ارب روپے کا سیوریج و نکاسی آب کا منصوبہ، ستھرا پنجاب کا صفائی نظام، بولے تا کچہری روڈ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے والد، سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام سے منسوب پارک سمیت کئی منصوبے پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔
ان کے دور میں گجرات شہر پہلی مرتبہ سات روز تک مسلسل اربن فلڈنگ کے باعث پانی میں ڈوبا رہا، جس پر وزیراعلیٰ کو خود دورہ کرنا پڑا۔ واسا ڈیپارٹمنٹ کے قیام اور منصوبے کے آغاز کے ایک سال بعد بھی شہریوں کو سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل سے نجات ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔اسی طرح گزشتہ تین سال سے کچہری تا بولے روڈ ہر قسم کی بھاری ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے ، جبکہ کھنڈر بنی شادیوال روڈ بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ ان سڑکوں پر گرین بس سروس کے روٹ کا بھی آغاز نہیں ہو سکا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے والد اور سابق وزیراعظم کے نام سے منسوب نواز شریف پارک کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے ۔ اسی طرح سائیں راجہ پھاٹک اور بھمبر روڈ سے منسلک چند کلومیٹر طویل سڑک بھی کئی سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments