ملک تجربات کا متحمل نہیں،مذاکرات ضروری، نوابزادہ افتخار

ملک تجربات کا متحمل نہیں،مذاکرات ضروری، نوابزادہ افتخار

تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے ،، سابق وزیر مملکت

مونڈکا (نامہ نگار)سابق وزیر مملکت، ممبر مرکزی کشمیر کونسل اور رکن قومی اسمبلی کی انتخابی اصلاحات کمیٹی نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کسی نئے سیاسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ معاشی اشاریے حوصلہ افزا ہیں، اس لیے سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اداروں پر تنقید کی بجائے مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔وہ پیپلز پارٹی کے کارکن سردار امجد خان میرانی کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 27 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی استحکام کی جانب مثبت پیش رفت ہے ۔ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی رہنمائی میں معاشی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔

نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں تقریر کی روشنی میں حکومت کو سیاسی مفاہمت کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے ذریعے مذاکرات کی راہ ہموار کرنی چاہیے ۔ دوسری جانب سیاسی مخالفین بھی اداروں پر تنقید چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے معاملے میں حکومت کو سخت رویے کی بجائے مفاہمت کی پالیسی اپنانی چاہیے ۔ پیپلز پارٹی سیاسی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ملک کو سیاسی عدم استحکام سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...