سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت، علماء کی مذمت
شفاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ،ملزم کے خلاف مقدمہ درج
وہاڑی (خبرنگار)سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر توہین آمیز مذہبی مواد اپ لوڈ کرنے کے واقعے پر علماء کرام اور شہریوں نے تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں نامزد ملزم کے خلاف درج مقدمے کی شفاف تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔علماء کرام اور شہریوں کا کہنا ہے کہ مذہبی شخصیات اور مقدس ہستیوں کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی تقاضا ہے ۔ ایسے حساس معاملات سے مذہبی جذبات مجروح ہونے اور معاشرے میں بے چینی پیدا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی معاملات میں اشتعال انگیزی سے گریز، باہمی احترام اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ضروری ہے ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ایسے حساس واقعات میں قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے پرامن اور قانونی راستہ اختیار کریں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق تھانہ سٹی میلسی میں مدعی محمد عرفان کی درخواست پر ملزم صدام خان ولد اللہ بخش، قوم مراسی، کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 295-Aاور 298-A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments