جنوبی پنجاب:سرکاری سکولوں میں ہفتے میں 3سپورٹس پیریڈ لازمی قرار

جنوبی پنجاب:سرکاری سکولوں میں ہفتے میں 3سپورٹس پیریڈ لازمی قرار

فیصلے کا مقصد طلبہ میں جسمانی فٹنس، ذہنی صحت، نظم و ضبط اور صحتمند تعلیمی ماحول کو فروغ دینا،اساتذہ کی نگرانی میں تمام طلبہ کولازمی شرکت کرناہوگی،محکمہ تعلیم کی واضح ہدایات جاری

 ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان و جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سپورٹس پیریڈ لازمی قرار، ہفتے میں تین پیریڈ ہوں گے ،اب ہر کلاس کے باقاعدہ ٹائم ٹیبل میں ہفتے میں تین دن کم از کم ایک سپورٹس پیریڈ شامل ہوگا، جس میں تمام طلبپ کو لازمی شرکت کرنا ہوگی۔ذرائع کے مطابق فیصلے کا مقصد طلباء میں جسمانی فٹنس، ذہنی صحت، نظم و ضبط اور صحت مند تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے ۔ گزشتہ کئی سالوں سے سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں برائے نام رہ گئی تھیں۔ اب محکمہ تعلیم نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ سپورٹس پیریڈ کو کسی بھی صورت میں ختم یا کسی اور مضمون میں تبدیل نہیں کیا جائے گا۔نئی ہدایات کے مطابق تمام طلبہ کو اساتذہ کی نگرانی میں عمر کے مطابق کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینا ہوگا۔

چھوٹی کلاسوں کے بچوں کے لیے دوڑ، رسہ کشی، پکڑن پکڑائی اور دیگر ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں ہوں گی، جبکہ بڑی کلاسوں کے طلباء کے لیے کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، بیڈمنٹن، کبڈی اور ایتھلیٹکس جیسے کھیلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ طالبات کے لیے بھی الگ سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انتظام کیا جائے گا۔ضلعی تعلیمی افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس حکم پر اس کی اصل روح کے مطابق سختی سے عملدرآمد کروائیں۔ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹائم ٹیبل میں سپورٹس پیریڈ کو نمایاں طور پر درج کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ گراؤنڈ، کھیل کا سامان اور اساتذہ کی دستیابی ہر صورت میں موجود ہو۔

 خلاف ورزی کرنے والے اسکول سربراہان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔تعلیمی ماہرین اور والدین نے اس فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملتان اور جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف مواقع کی کمی تھی۔ اب اسکول سطح سے ہی کھیلوں کو فروغ ملنے سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو آگے چل کر ضلع، ڈویژن اور قومی سطح پر جنوبی پنجاب کا نام روشن کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں میں موبائل فون کے بے جا استعمال میں کمی آئے گی، وہ جسمانی طور پر فٹ اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں گے جس سے ان کی پڑھائی پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...