معیشت کیلئے مضبوط معاشی منصوبہ بندی کرنا ہوگی :ماہرین

 معیشت کیلئے مضبوط معاشی منصوبہ بندی کرنا ہوگی :ماہرین

مہنگائی میں کمی،ملازمتوں کے مواقع پیدا کریں،ڈاکٹر ہواپنگ ودیگر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) قومی وبین الاقوامی ماہرین نے کہا ہے کہ معیشت کو کورونا کی لپیٹ سے نکالنے کیلئے مضبوط معاشی منصوبہ بندی کرنا ہوگی ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دیے بغیر ہم کوروناکے پیدا کردہ معاشی بحران سے نہیں نکل سکتے ۔ سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو سہل بنانا ہو گا ،چھوٹے بڑے تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ سرگودھا یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ویبینارمیں پائیدار ترقی کے عالمی ہدف نمبر 8‘‘معقول کام اور معاشی نمو’’کو فروغ دیا گیا اور اس بات کو زیر بحث لایا گیا کہ کیا ہم وبائی مرض کرونا کے پیدا کردہ معاشی مسائل سے نکل پائیں گے ؟ ۔ڈاکٹر سن ہواپنگ نے کہا کہ کورونا نے چین کی معاشی سرگرمیوں کو بہت نقصان پہنچایا اور بہت سے کاروباری سیکٹرز منجمد ہو کر رہ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ کاروبار کے دائرہ کار اور عوامی سرمایہ کاری میں تسلسل لائے ، مہنگائی میں کمی لاکر ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ڈاکٹر فیصل عباس نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کرونا وائرس کی وجہ سے اقتصادی بحران کی زد میں ہے اور لاکھوں لوگ ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ڈاکٹر محمد ناصر نے کہاکہ مارچ 2020ء تک بچوں کی ایک بڑی تعداد سکولوں سے خارج ہو جائے گی کیونکہ والدین اس قابل ہی نہیں ہوں گے کہ فیسیں اور دیگر تعلیمی اخراجات ادا کر سکیں ۔مجید عزیز نے کہا کہ معیشت کو کرونا کی لپیٹ سے نکالنے کیلئے فیصلہ سازی میں بہتری لانا ضروری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں