سیاحتی مقامات کی مزید تزئین و آرائش کی جارہی: آصف محمود

سیاحتی مقامات کی مزید تزئین و آرائش کی جارہی: آصف محمود

پٹریاٹہ اور بانسرہ گلی کے مقام پر نئی کیمپنگ سائیڈز متعارف کرائی گئی ہیں ،ریسٹ ہاؤسز عوام کو تیار کرا کر کرایہ پر دینگے،جدید سہولتوں سے مزین چھانگا مانگا اور سون ویلی میں کیمپنگ سائیڈز سیاحوں کو میسر کر دی گئی ہیں:ایڈوائزر ٹوررازم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈوائزر ٹوررازم حکومت پنجاب آصف محمود نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کی مزید تزئین و آرائش کی جا رہی ہے ، جبکہ کئی نئے مقامات پر سیاحتی پوائنٹ قائم کیے جا رہے ہیں، تا کہ اندرون ملک کے علاوہ بیرونی ممالک کے سیاح بھی پاکستان کی سرسبز وادیوں اور خوبصورت مناظر سے استفادہ حاصل کر سکیں، اس سے نا صرف دنیا کے دیگر ممالک میں پاکستان کا مورال بلند ہو گا، بلکہ سالانہ اربوں روپے کی آمدن بھی ہو گی۔ حالیہ دور حکومت میں پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے بہت زیادہ کام کیا گیا ہے جس کی ماضی کی کسی حکومت میں مثال نہیں ملتی، ٹوررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران و اہلکاران نے وزیر اعظم پاکستان کے ویژن پر کام کرتے ہوئے پنجاب میں پرانے سیاحتی مقامات کو دلکش اور جاذب نظر بنانے کے ساتھ ساتھ کئی نئے مقامات کو خوبصورت مناظر میں ڈھالا ہے ، تا کہ یہ مقامات ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں۔ موجودہ حکومت میں اب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مری کے قریب پٹریاٹہ اور بانسرہ گلی کے مقام پر نئی کیمپنگ سائیڈز متعارف کرائی ہیں، یہ خیمہ بستیاں یورپی طرز پر بنائی گئی ہیں، جو دلکش اور پر کشش ہونے کے باعث سیاحوں کے دل موہ لیتی ہیں، جبکہ یہاں خوبصورت و محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، تاکہ ماضی کی طرح یہاں آنے والے سیاحوں کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ، اسی نوعیت کی جدید سہولتوں سے مزین چھانگا مانگا اور سون ویلی کے مقامات پر کیمپنگ سائیڈز سیاحوں کو میسر کر دی گئی ہیں، اسی طرح پنجاب میں کوہ مری کے تحصیل کوٹلی ستیاں کو ماڈل سیاحتی مقام کا درجہ دے کر یہاں سائن بورڈز، یورپی طرز کے لکڑی کے خوبصورت بینچز، چھتریاں لگا کر اسے خوبصورت مقام بنا دیا گیا ہے ، کوہ سلیمان کے مقام پر بھی اسی نوعیت کی یورپی طرز کی سہولتوں سے مزین سائیڈ بنائی جا رہی ہے ، چکوال کی جھیلوں کو خوبصورت بنانے کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے ۔ پنجاب میں دس مقامات پر دیہی طرز کے ہٹس (جھونپڑیاں نما گھر) بنائے گئے ہیں تا کہ ملکی ثقافت کو بھی فروغ دیا جا سکے ، راولپنڈی اور بہاولپور میں بسیں چلائی گئی ہیں۔ سرگودھا میں شاہپور کے مقام پر دریائے جہلم میں عوام اور سیاحوں کی تفریح کیلئے کشتیاں چلائی گئی ہیں، خوشاب میں کھبیکی جھیل کو خوبصورت منظر بنانے کے ساتھ ٹی ڈی سی پی نے 86 کنال مزید زمین خرید کر لی ہے ، جس پر خوبصورت سیاحتی پوائنٹ بنایا جا رہا ہے ، جو یورپی طرز کا ہو گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی عوام کیلئے دنیا بھر سے آنے والے سیاح مری، ناران، کاغان کی طرح اس وادی کا بھی رخ کیا کریں گے ، جس سے علاقہ میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔ ایڈوائزر ٹورازم حکومت پنجاب نے مزید بتایا کہ ٹی ڈی سی پی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں محکمہ جنگلات کے تین اور محکمہ انہار کے تین ریسٹ ہاؤسز حاصل کیے ہیں، جنہیں جدید بنیادی سہولیات سے مزین کرنے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بنایا جا رہا ہے ، ان ریسٹ ہاؤسز کو عوام کی سہولت کیلئے کرایہ پر دیا جائے گا، جس سے پنجاب حکومت کو خاطر خواہ آمدنی ہو گی۔ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں 52 ڈاکومنٹریاں تیار کروائی ہیں، ان ڈاکومنٹریوں کو دنیا کے مختلف ممالک کے چینلز، سوشل میڈیا پلیٹ اور دیگر فورمز پر چلا کر بیرونی ممالک کے عوام کو پاکستان بالخصوص پنجاب کے سیاحتی مقامات سے آگاہ کیا جائے گا، تا کہ دوسرے ملکوں سے زیادہ سے زیادہ سیاح پاکستان کا رخ کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں