ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا ،سیمینار،آگاہی واک کا اہتمام

ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا ،سیمینار،آگاہی واک کا اہتمام

ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ عوام کی ذمہ داری ،ڈاکٹر امیر ودیگر کا اظہار خیال

میانوالی،واں بھچراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ضلع میانوالی کے زیر اہتمام آج پورے ضلع میں ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا اس سلسلے میں تمام ہیلتھ فیسیلٹیز پر سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی سیمینار ڈی ایچ ڈی سی میانوالی میں منعقد ہوا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی ڈاکٹر امیر احمد خان نے کہا لوگوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ کروائیں اور اپنے آپ کو ہیپاٹائٹس کے خلاف ویکسینیٹ بھی کروائیں اس سلسلے میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پہ بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے خاص طور پر چھوٹے بچوں کو ہیپاٹائٹس برتھ ڈو ز ضرور لگائی جائے ۔ چھوٹے بچوں کے ویکسینیشن کے کورس میں ہیپاٹائٹس کے خلاف ویکسین شامل ہے لوگوں کو قائل کریں کہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کو آئی پی آئی کا کورس لازمی مکمل کروائیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اختر پرویز خان نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف آگاہی میانوالی میں زور و شور سے جاری ہے اس سلسلے میں جگہ جگہ پبلک مقامات پر ہینڈ بل اور پوسٹر تقسیم کیے جا رہے ہیں باربرز کی رجسٹریشن ہوگئی ہے اور ان میں سیف کٹس تقسیم کر دی گئی ہیں۔ تمام بیوٹی پارلرز اور ہوٹلز کی باقاعدہ سے مانیٹرنگ جاری ہے ۔عوام کو چاہیے کہ جب وہ حجام کی دکان پر جائیں تو وہ نئے بلیڈ پر اصرار کریں انجیکشن لگواتے وقت استعمال شدہ سرینج سے انجکشن نہ لگوائے اور انتقال خون کے وقت ڈونر کے بلڈ کو مکمل چیک کیا جائے کہ وہ کسی متعدی بیماری کا شکار تو نہیں ہے ۔احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم اپنے ملک سے اس موذی مرض کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں