یوسی کھگلانوالہ کے مکین سہولیات نہ ملنے پر سراپا احتجاج

یوسی کھگلانوالہ کے مکین سہولیات نہ ملنے پر سراپا احتجاج

کندیاں(نمائندہ دنیا )تاریخی شہر کُنڈل یوسی کھگلانوالہ کے مکین علاقہ میں اہم سڑکوں کی عدم تعمیر،اچھے سکول اوربہترین علاج گاہ سمیت بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی اورمحرومیوں کے پیش نظر احتجاج کے لیے سڑکوں پرآگئے۔

علاقہ کو یکسر نظر انداز کرنے پر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ،تحریک انصاف ڈسٹرکٹ میانوالی سیکریٹریٹ انچارج سلیم گل خان اور محسن شہزاد خان اگرخیل احتجاج کی خبرپر کنڈل پہنچ گئے ۔ انہوں نے یونین عوام کودرپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی،شہریوں نے انہیں اپنے مسائل سے آگا ہ کیا ، سلیم گل خان نے مقامی عمائدین اورعوام سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ کنڈل کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ھے ۔کنڈل کو عیسیٰ خیل سے شارٹ کٹ ملانا کنڈل کے عوام کا جائز حق ھے جس پرپی ٹی آئی کی تمام قیادت ایک پیج پر ھے اوراس سلسلہ میں وزیراعظم کو آگاہ کردیا گیا ھے ۔

سلیم گل خان نے موقع پرایکسیئن پائی وے میانوالی کو فون پر ہدایات جاری کیں کہ وہ ورکنگ ڈے سوموارکو دریائے کرم پر نئے پل کی تعمیرکا سروے کرکے فزیبلٹی رپورٹ تیار کریں،ٹوٹ پھوٹ کا شکار روڈ کی تعمیر کو یقینی بنانے کا اعلان کیا اور آئندہ بجٹ میں کنڈل کی گلیوں نالیوں کی مکمل تعمیر کے لئے 7 کروڑ روپے مختص کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے 2023 تک کنڈل گاؤں کو ماڈل گاؤں میں تبدیل کرنے کا عہد بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں