پٹرول مہنگا ہونے کی افواہیں، کئی فلنگ اسٹیشن بند، مصنوعی قلت، شہری خوار ہو کر رہ گئے

پٹرول مہنگا ہونے کی افواہیں، کئی فلنگ اسٹیشن بند، مصنوعی قلت، شہری خوار ہو کر رہ گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت برقرار،شہری خوار ہو کر رہ گئے ، جبکہ سرکاری مشینری خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی ، تفصیل کے مطابق شہر بھر میں پٹرول کی قلت اور قیمتیں بڑھنے کی افواہوں کی وجہ سے بیشتر فلنگ اسٹیشن مکمل طور پر بند رہے ، جبکہ مختلف شاہراؤں پر اکا دکا کھلے پٹرول پمپوں پر عوام کا جم غفیر دن بھر قطاروں میں لگا رہا۔

جبکہ یہ شکایات بھی موصول ہوئیں کہ پٹرول پمپوں کے مالکان نے مشینیں تیز کر کے پٹرول کم ڈالنے اور پیسے زیادہ وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں، اور انتظامیہ کی بے حسی گزشتہ روز بھی برقرار رہی ، کسی پٹرول پمپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو گھسٹتے شہری حکمرانوں کوکوسنے دیتے رہے ،دوسری جانب صورتحال کے باعث ایجنسی مالکان نے شفاف ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ پٹرول کے ریٹ بھی بڑھا دیئے ہیں، پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پٹرول کی سپلائی میں تعطل آیا ہے آئندہ چند روز تک پٹرول مہنگا ہونے کی بھی شنید ہے جس کی وجہ سے صورتحال روزباروز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہونے اور اس کی مصنوعی قلت کا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فوری نوٹس لے کراقدامات اٹھانے چاہئیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں