بصارت سے محروم طلبا بھی پلانٹ فار پاکستان مہم میں شامل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا کے دیگر سرکاری و تعلیمی اداروں کے ساتھ بصارت سے محروم طلبہ بھی پلانٹ فار پاکستان مہم میں شامل ہوگئے ۔ گورنمنٹ سیکنڈری انسٹی ٹیوٹ بلائنڈ فار بوائز اقبال کالونی کے طلباء وطالبات اور استاتذہ کرام نے کمشنر محمد اجمل بھٹی کی موجودگی میں سکول کے اندر اور سٹرک پر پودے لگائے ۔
طلبہ نے پودے لگانے کے بعد اپنا میسج بھی ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر آپ لوڈ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے حصہ کا پودا لگا لیا اب آپ کب لگائیں گے ۔ اس موقع پر سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک طاہر، ڈائریکٹر پی ایچ اے فاروق حیدر عزیز، ڈی او سپیشل ایجوکیشن فریاد حسین، گارڈن سپرنٹنڈنٹ پی ایچ اے ملک احمد نواز، زون انچارج اسماعیل گجر، پرنسپل حافظ اشفاق احمد طارق، ریاض بھٹی و دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد اجمل بھٹی نے بصارت سے محروم بچوں کی جانب سے پودے لگانے کے جذبہ کو بے حد سراہا اور کہا کہ ان بچوں کو نظر نہ آنے کے باوجود محسوس ہوا کہ ہماری آب و ہوا گھٹن زدہ ہو چکی ہے اور ان بچوں نے اپنا حصہ ڈال دیا ہے ۔ ان بچوں کے لگائے پودوں کی خوشبو سے پورا سرگودہا مہکے گا۔ یہ عمل عین عبادت اور دوسروں کے لیے پیغام بھی ہے کہ وہ بھی پودے لگائیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔