انتقالات کی فیسیں خردبرد کرنے والا پٹواری کو گرفتار

 انتقالات کی فیسیں خردبرد کرنے والا پٹواری کو گرفتار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن سرگودھا نے انتقالات کی فیسیں خردبرد کرنے والے پٹواری کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق محمداحسن ولد دوست محمد نے درخواست گزاری کہ اختر پٹواری سابقہ حلقہ پکہ نے سرکاری فیسوں کی مد میں خردبرد کر کے محکمہ مال کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔

جس پر بعداز انکوائری ملزم کے خلاف خزانہ سرکار میں خردبرد کرنے جرم میں مقدمہ درج ہوا جس تفتیش کے دوران ریکارڈ قبضہ میں لے کر ریکارڈ کی مکمل چھان بین کی گئی جس سے ثابت ہوا کہ اختر خان پٹواری نے انتقالات کی کمی فیس86ہزار30روپے خزانہ سرکار میں جمع کروا دیئے تھے جبکہ باقی رقم7لاکھ24ہزار 9سو49روپے کمی فیس انتقالات خزانہ سرکار میں جمع نہیں کروائے اور خردبرد کرلیے ۔ اس دوران ملزم اختر خان پٹواری نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سپیشل جج ، اینٹی کرپشن سرگودھا سے عبوری ضمانت کروا لی ،تاہم اینٹی کرپشن سرگودھا کی تفتیشی ٹیم نے فاضل عدالت میں ملزم کے خلاف ثبوت پیش کیے جس پر سپیشل جج اینٹی کرپشن سرگودھا نے ملزم اختر خان پٹواری کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ اینٹی کرپشن سرگودھا کی ٹیم نے اختر خان پٹواری کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں