ڈویژن بھر میں لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں

 ڈویژن بھر میں لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر سمیت ڈویژن بھر میں لیبر قوانین کی کھلم کھلم خلاف ورزیاں جاری ہیں، خصوصاً پرائیویٹ سیکٹر کم عمر افراد سے تو کام کروا ہی رہے ہیں۔۔۔

 لیکن پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھی گورنمنٹ کے لیبر قوانین کے مطابق واجبات ادا نہیں کیے جاتے ہیں، لیبر سے 35 ہزار ماہانہ سے 40 ہزار روپے ماہانہ کی رسیدوں پر دستخط کروا کر 15 ہزار سے 20 ہزار روپے ماہانہ دیئے جاتے ہیں، اسی طرح ان سے کام صبح 9 بجے سے لے کر رات گئے تک کروایا جاتا ہے ، محکمہ لیبر سرگودھا کے ذرائع کے مطابق وہ کسی ادارے کو بغیر پیشگی شکایت کے چیک نہیں کر سکتے ، جب تک کہ کوئی شکایت نہ ہو، اس کی وجہ افرادی قوت اور وسائل اور اختیارات کی کمی ہے ، جسکی وجہ سے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے ، ذرائع کے مطابق اگر کسی ادارے کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی بھی جاتی ہے تو اس پر صرف 2 یا 3 ہزار روپے جرمانہ ہوتا ہے جو وہ فوراً ادا کر کے دوبارہ اپنے کاموں میں اسی طرح مصروف ہو جاتے ہیں، لیبر کے متعلق اس حکومتی سقم کی وجہ سے لیبر کا استحصال روز کا معمول بن گیا ہے ، متعدد اداروں کی لیبر نے اعلیٰ حکام کو لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے اور مزدوروں کو ریلیف دینے کیلئے مزید قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں