ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کیخلاف کارروائی چیلنج بن گئی

ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کیخلاف کارروائی چیلنج بن گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)مارکیٹ کمیٹیوں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث سرگودھا میں ذخیرہ اندوزوں کی اجارہ داری نے حکومتی رٹ کا قیام اور قدرتی مہنگائی کی آڑ میں ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ایک چیلنج بن کر رہ گئی ہے۔

اعلیٰ انتظامیہ صرف میٹنگز میں احکامات جاری کرنے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش کردہ فرضی اعداد و شمار پر اکتفا کرنے پر مجبور ہے ،جبکہ نچلی سطح پر عملدرآمد انتہائی مخدوش ہے ، صرف چھوٹے دوکاندار ہی جرمانوں اور مقدمات کی زد میں آ رہے ہیں جبکہ بڑے مگرمچھ مارکیٹ کمیٹی کی چھتری تلے من مانیوں میں مصروف ہیں، بالخصوص دالیں، سبزیاں تاریخ کی بلند ترین قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے غریب کے ساتھ ساتھ متوسط طبقہ کی بھی پہنچ جواب دے گئی ہے، اتوارکے روز بھی گرانفروشی عروج پر رہی، منڈیوں میں ٹماٹر 120 روپے، پیاز100سے 130روپے، شملہ180، مٹر300اورادرک 800روپے ،پھلیاں 180 روپے، گوبھی 200  روپے، تھوم 480روپے ،آلو 120روپے اور اسی طرح دیگر سبزیاں انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتی رہیں، جبکہ دالوں کی قیمتیں بھی 480روپے سے 600رو پے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں، جس پر صارفین نے شدید رد عمل اور بے بسی کا اظہار کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں