سمبڑیال:مین جی ٹی روڈ پرسیوریج نالہ جگہ جگہ سے بند

سمبڑیال:مین جی ٹی روڈ پرسیوریج نالہ جگہ جگہ سے بند

سمبڑیال (سٹی رپورٹر )اڈا بیگوالہ مین جی ٹی روڈ کے اطراف میں کاروباری افراد کی جانب سے اپنے مفادات کی خاطر مٹی ڈالنے کے باعث سیوریج نالہ جگہ جگہ سے بند، نکاسی آب کے حوالے سے 2 ماہ قبل تعمیر کیا گیا۔۔۔

 سیوریج نالہ جگہ جگہ مٹی ڈال کر پُر کئے جانے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث گندا پانی مین روڈ پر پھیلنے سمیت شہریوں کے گھروں میں داخل ہونے لگا، ماحول تعفن زدہ جبکہ حال ہیں روڈ کے اطراف میں کروڑوں مالیت میں لگائی ٹف ٹائل بھی خراب ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل سمبڑیال کے علاقہ اڈہ بیگوالہ مین جی ٹی روڈ کے اطراف میں بارشی اور گندے پانی کے نکاس کے لئے چند ماہ قبل تعمیر کیے گئے سیوریج نالے میں مقامی شہریوں کی طرف سے اپنے کاروباری فوائد کی خاطر جگہ جگہ مٹی ڈال کر اور پُلیاں وغیرہ بنانے کے باعث نالے کا سیوریج سسٹم بند ہونے اور نالہ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث گندابارشی پانی جہاں پر مقامی آبادی میں داخل ہوکر تعفن زدہ ماحول اور آمدورفت میں مشکلات کا سبب بن رہا ہے ۔ وہاں پر پانی، مین جی ٹی روڈ کی ٹوٹ پھوٹ اور حال ہی میں حکومت کی طرف سے خوبصورتی کے حوالے سے مین جی ٹی کے اطراف میں کروڑوں روپے تخمینہ لاگت سے لگائی گئی ٹف ٹائل کے خراب ہونے کا خدشہ بھی لاحق ہوچکا ہے جبکہ شہریوں اور کاروباری حضرات کو بھی روڈ پر پانی کے پھیلاؤ کے باعث آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں