پٹرولیم ڈیلرز کے حکومت کیساتھ مذاکرات ناکام ، پمپس بند کرنے کا اعلان
لاہور:(دنیا نیوز، ویب ڈیسک ) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے حکومت سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور ایسوسی ایشن نے 5 جولائی کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پٹرول پمپس بند کرنے کی کال دیدی۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرزاورحکومت کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر سے ناکام ہو گئے ہیں، پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطابق مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ،چیئرمین ایف بی آر،چیئرمین اوگراسےملاقاتیں ہوئیں، حکومت سےبارہامطالبہ کیاکہ ٹیکس واپس لیں لیکن مذاکرات میں مطالبہ نہیں مانا گیا، جس کے بعد پٹرولیم ڈیلرز نے آج صبح 6 بجے سے پٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا ۔
گزشتہ روز بھی پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیرخزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیئرمین اوگرا سے ملاقاتیں ہوئیں تھیں، لیکن مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا دورانیہ ایک دن سے زیادہ بھی ممکن ہے، ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب تک حکومت اس فیصلے کو واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، ملک بھر میں 14 ہزار ڈیلرز اپنے پمپ 5 جولائی سے بند کر دیں گے۔