پنجابی ماں بولی ہماری پہچان، فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا: عطا تارڑ
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجابی ماں بولی ہماری پہچان ہے، اس کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ، تہذیب اور دانش کو دنیا کے سامنے پیش کرنا کانفرنس کا مقصد ہے، پنجابی ثقافت محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے، سکھ برادری کے اہم اور مقدس مذہبی مقامات پاکستان میں موجود ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجابی زبان کی ترقی اور ترویج کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے، بھگت سنگھ پنجاب کی دھرتی کا بہت بڑا ہیرو ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی پنجابی زبان کے فروغ کے لیے اقدامات کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ اگلے سال ایسی کانفرنس اسلام آباد میں بھی منعقد ہو، آج اس کانفرنس کو پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، ہر معاملے میں کانفرنس کے منتظمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن بھرپور تعاون کریں گے، پنجابی زبان میں پروگرام تیار کرنے اور اسے نشر کرنے کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اپنے لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنائیت اور مہمان نوازی کا احساس بھی بڑی خوشی کا باعث ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں خدمت کا موقع دیا ہے، جس پر وہ خوش ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments