سینیٹ میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024ء کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

بل کی منظوری سے الیکشن کمیشن ریٹائرڈ ہائیکورٹ ججز کو بطور ٹریبونل تعینات کرسکے گا، بل میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 140 میں ترمیم کی گئی۔

الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے وقت اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، اپوزیشن نے ایوان سے ٹوکن واک آؤٹ کیا، اپوزیشن نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں، شدید نعرے بازی کی، ڈیسک بجائے، سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے واک آؤٹ میں حصہ نہیں لیا، اپوزیشن کچھ دیر بعد ایوان میں واپس آگئی۔

سینیٹر علی ظفر نے کہا اس بل میں حکومت کی بدنیتی شامل ہے، اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا وزیر قانون کسی کی بات نہیں سنتے کیونکہ ان کے پاس نمبرز زیادہ ہیں، 8 فروری کے انتخابات صدی کے سب سے متنازعہ جنرل الیکشن تھے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا، الیکشن ٹریبونل جلد کام کریں اس کے لئے قانون سازی کی گئی، جنہوں نے ڈسکہ کا الیکشن چرایا وہ آج ہمیں درس دے رہے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں