عوام کو سہولیات کی فراہمی میری ترجیح:راجہ سکندر سلطان
بھیرہ(نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان نے کہا ہے کہ علاقہ کی ترقی تعلیمی پسماندگی دور کرنا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے جسے پورا کرنے کیلئے اپنے والدین کا مشن جاری رکھوں گا۔
وہ سلطان آباد چھانٹ میں 7 کروڑ روپیہ کی لاگت سے تعمیر ایلیمنٹری سکول چھانٹ کے نئے تعلیمی بلاک اور پولیس چوکی راجے والا کا افتتاح کرتے ہوئے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز ہرل، سب ڈویژنل پولیس افیسر فیاض احمد ہنجرا اور دیگر بھی موجود تھے، راجہ سکندر سلطان نے سکول کے نئے بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم دیہات میں رہنے والے عوام کا بھی بنیادی حق ہے، علاقہ کی نوجوان نسل کو اعلیٰ ٰتعلیم سے بہرہ مند کرنا میرا خواب ہے جسے پورا کیا جائے گا، چیف الیکشن کمشنر نے نئی پولیس چوکی راجے والا کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں قانون و انصاف کی عملداری میں یہ پولیس چوکی اہم کردار ادا کرے گی، وائر لیس روم حوالات دیگر کمرہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی میں کوتاہی نہ کریں، انہوں نے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کو حکم دیا کہ نئے قائم ہونے والے بنیادی مرکز صحت سلطان آباد چھانٹ کی عمارت اور گورنمنٹ ہائی سکول بھیرہ کے ملٹی پرپز ہال کی تعمیر بھی جلد از جلد مکمل کی جائے۔