چیف سیکرٹری پنجاب کا دورہ سرگودھا، بازاروں کا معائنہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سرگودھا کا دورہ کیا۔۔۔
انہوں نے خوشاب روڈ اور دیگر بازاروں کا معائنہ کیا اورتجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک نظام میں بہتری کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔چیف سیکرٹری نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ کسی کو بے روزگار کیے بغیر شہروں میں تجاوزات کا مستقل خاتمہ اور رکشوں کے بے ہنگم نظام کو کنٹرول کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں پارکنگ اور تجاوزات کے مسئلہ کے حل کیلئے میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کی مستقل ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں رہ کر تجاوزات اور ٹریفک نظام کو بہتر بنائیں۔ چیف سیکرٹری نے سلانوالی روڈ ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ بھی کیا جہاں پر انہیں چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن نے سیوریج سسٹم بارے بریفنگ دی۔ڈویژنل کمشنر محمد اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر اورنگزیب حیدر خان اور ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا بھی ہمراہ تھے ۔