تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم

تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف فوری اور بلا تفریق گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیدیا۔۔۔

 انہوں شہروں اور دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ذرائع کو استعمال میں لانے اور پرائس میکنزم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں پیر کے روز وزیر اعلیٰ کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر محسن صلاح الدین اور اے ڈی سی جی عمر فاروق کے علاؤہ سی او ایم سی، سی او ضلع کونسل اور تمام اسسٹنٹ کمشنروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کی حدود سمیت تمام تحصیلوں میں چھوٹے بڑے بازاروں اور شاہرات پر پہلے مرحلے میں دکانوں کے باہر سامان رکھنے والوں کو سامان اندر کرنے کی وارننگ دینے ، عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں دکانوں کو غیر معینہ مدت تک سیل اور مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کے دوران پولیس کی نفری بھی ہمراہ رکھی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام بازاروں میں فٹ پاتھ خالی ہونے چاہیے اور جہاں فٹ پاتھ نہیں وہاں لائین لگائی جائے اور دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ لائین سے تجاوز نہ کریں۔ انہوں نے بازاروں اور شاپنگ پلازہ وغیرہ کے سامنے پارکنگ کا بھی مناسب انتظام یقینی بنانے کا حکم دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں