فیسکو اور بلدیہ میں کھینچا تانی :سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ افادیت پیدا نہ کرسکا

فیسکو اور بلدیہ میں کھینچا تانی :سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ افادیت پیدا نہ کرسکا

سرگودھا(اکرم عامر )متعلقہ اداروں کے مابین عدم تعاون کیوجہ سے شہر میں ساڑھے بارہ کروڑ کی لاگت سے لگنے والی سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ اپنی افادیت پیدا نہیں کر سکا۔

 اور صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید بگڑنے لگی ہے ، ذرائع کے مطابق سابق حکومت نے شہر میں سٹریٹ لائٹس کو فعال کرانے کے لئے ساڑھے بارہ کروڑ کی گرانٹ منظور کرائی تھی تاہم منصوبہ ابتداء سے ہی نہ صرف کرپشن اور کمیشن کے باعث مختلف تنازعات کا شکار رہا بلکہ اس کے باعث غیر ضروری تاخیر بھی ہوئی بعدازاں اعلی انتظامیہ کی تبدیلی کے بعد بے ضابطگیوں کے معاملات دبا کر ٹھیکیدار کو کام کرنے کی اجازت دیدی گئی مگر اس کے باوجود کام ورک آرڈر کے مطابق نہیں ہوا اور کاغذی کارروائی مکمل کر لی گئی ، باعث تشویش امر یہ ہے کہ چالو ہونیوالی لائٹس کی دیکھ بھال کیلئے نہ تو واپڈا اور نہ ہی کارپوریشن حکام نے ذمہ داری پوری کی ، بلدیہ اور فیسکو کے مابین ہونے والے معاہدے کے مطابق سٹریٹ لائٹس کے کنکشن تاروں کی تبدلی ومرمت اور سٹریٹ لائٹس آن آف کرنے کی ذمہ داری فیسکو کی ہے لیکن محکمہ ملازمین عام شکایات کو نمٹانے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ ان سے خرچہ ملتا ہے جبکہ بلدیہ کا کام مفت کرنا پڑتا ہے جگہ جگہ سے سٹریٹ لائٹس کی تاریں ہی عملہ نے کاٹ رکھی ہیں بلدیہ کا کہنا ہے کہ فیسکو کا عملہ ہاتھ نہیں پکڑا رہا ہے ،جس کی وجہ سے صورتحال گھمبیر اور قومی خزانے پر بوجھ بنتی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں