ریونیو واجبات وصولی ، پرائس کنٹرول میکنزم کے حوالے سے اجلاس

ریونیو واجبات وصولی ، پرائس کنٹرول میکنزم کے حوالے سے اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں ریونیو واجبات کی وصولی ، پرائس کنٹرول میکنزم اور ستھرا پنجاب کے تحت دیہاتوں میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اے ڈی سی آر فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنروں سمیت ریونیو افسران و فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے ستھرا پنجاب پروگرام کی حکمت عملی بارے اجلاس کو آگاہ کیا۔ جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے متعلقہ تحصیلوں کی منصوبہ بندی بارے بریف کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے جس سے سیوریج وصفائی کے مسائل حل ہونگے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بذات خود اس پروگرام کی نگرانی کررہی ہیں۔ریونیو افسران اپنی سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائیں ، تمام ادارے خاص طور پر محکمہ مال اپنی کارکردگی مزید نکھار لائے اور واجبات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ کیپٹن (ر) محمد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی مہنگائی کرنیوالے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی جاری رکھی جائے ۔سرکاری ریٹ پر روٹی اور نان کی فروخت کو سختی سے مانیٹر کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں