نبی کریم ؐ کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا تورسوائی مقدر:مقررین
شاہ پور(نمائندہ دنیا)حضور نبی کریم ؐ کی سیرتِ طیبہ کی اَہمیت اُجاگر کرنے اور جذبئہ محبتِ رسول ؐکے فروغ کے لیے محفلِ میلاد کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
یہ بات معروف عالم دین قاری محمد ثقلین رضا نوری،قاری آصف شہزاد معینی، حاجی منیر ناز نے جامع مسجد گلزار مدینہ میں محفل میلاد مصطفیٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر قاری محمد شعیب، قاری عنصر حیات، متین حیات، قاری محمد صدیق، قاری مسعود نے گلہائے عقیدت بحضور سرورکائنات پیش کئے، اس موقع پر صدر میلاد کمیٹی رانا حافظ ممتاز جھمٹ، الحاج عبدالغفور، حاجی محمد ارشد، ڈاکٹر خورشید الحسن، مدثر حیات، حافظ محمد شعیب اور دیگر شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، حاجی منیر ناز نے کہا کہ محبت رسول کا تقاضا ہے کہ نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کیا جائے، تبھی ہمارا معاشرہ فلاح پا سکتا ہے، اگر ہم نے نبی کریم ؐ کی تعلیمات کو مشعل راہ نہ بنایا تو ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ہو گی آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے اس کی اصل وجہ دین اسلام سے دوری اور آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونا ہے، ہمیں چاہئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ محافل میلاد منعقد کریں اور نوجوان نسل کے سامنے حضور نبی کریم کی سیرت طیبہ پیش کریں تاکہ ہمارے نوجوان آپؐ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں فلاح کیلئے کام کریں۔