کارپوریشن کی گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم کی تنصیب شروع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )میونسپل کارپوریشن کی تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی۔
، 29 گاڑیوں میں ٹریکر نصب کرکے آزمائشی بنیادوں پر مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ دیگر 60 گاڑیوں میں بھی اگلے دو دنوں میں ٹریکر سسٹم نصب کر دیاجائیگا ، اس حوالے سے نجی کمپنی کی جانب سے کمشنر وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن جہانزیب اعوان کو بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ اجلاس میں تمام مانیٹرنگ افسران ، سی او ایم سی ، ایم او فنانس اور ایم او آئی بھی موجود تھے ۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہاکہ ٹریکر سسٹم لگانے کا بنیادی مقصد ایم سی کی سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری او رغلط استعمال کی روک تھام کے علاوہ فیول کی بچت کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریکر سسٹم کو میونسپل کارپوریشن کا فنانس شعبہ کے علاوہ کمشنر دفتر کا ایک اعلیٰ افسر مانیٹر کرے گا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہاکہ یہ منصوبہ آزمائشی بنیادوں پر شروع کیاگیاہے اورکامیابی کی صورت میں ڈویژن کی دیگر لوکل باڈیز کی گاڑیوں میں بھی ٹریکر سسٹم لگایا جائیگا ۔ کمشنر جہانزیب اعوان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی سے شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز فراہم کی جاسکیں گی ۔ کام چور ملازم کا محاسبہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو اس منصوبہ کی اونر شپ لینے اور واضح کیاکہ سسٹم میں خلل ڈالنے یا گاڑیوں کے غلط استعمال کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کی جائیگی ۔ اجلاس میں ٹریکر سسٹم کے بہترین استعمال کیلئے گاڑیوں کے روٹ مقرر کرنے سمیت دیگر امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔