گنے کی ٹرالیاں ملز کے اندر پارک کروائیں،اسسٹنٹ کمشنر
شاہ پور(نمائندہ دنیا)حالیہ کرشنگ سیزن کے دوران گنے کی ٹرالیوں کو ملز کی حدود کے اندرپارک کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔
، ٹریفک پولیس و پٹرولنگ پولیس مین سرگودہا روڈ پر ٹریفک کو بحال رکھنے کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے تاکہ موسم سرما کے دوران مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے یہ بات اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور زوہیب شفیع نے مقامی شوگرملز کے جی ایم کین اویس الٰہی گل ، اور دیگر کے ساتھ میٹنگ میں کہی اس موقع پر جنرل سیکرٹری انجمن کاشتکاران چوہدری محمد حنیف ، ایس ڈی او علی مہران ، زراعت آفیسر ملک آصف راں ، ٹریفک سارجنٹ نوازش علی شاہ اور دیگر موجود تھے ، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا تساہل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، ٹرالیوں کی پارکنگ کے موقع پر پولیس دونوں اطراف میں اپنی ڈیوٹی دے گی اور رات کے وقت ایک ایک پولیس اہلکار لازمی موجود رہنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ شوگرملزانتظامیہ اپنے یارڈ کو مزید وسیع کرے اور زیادہ سے زیادہ ٹرالیوں کو ملز کے یارڈ میں پارک کروایا جائے ، اس موقع پر جنرل سیکرٹری انجمن کاشتکاران چوہدری محمد حنیف نے نشاندہی کی کہ ملز انتظامیہ نے پچھلے سال کے بقایا جات ابھی تک کاشتکاروں کو ادا نہیں کئے ۔ جس پر جی ایم کین اویس الٰہی گل نے کہا کہ ملز کی چینی ایکسپورٹ کی جا رہی ہے جلد ہی کسانوں کو ان کی رقومات دے دی جائیں گی ۔