صوفی نظریات،جدید دنیا کے مسائل کا حل کے موضوع پر کانفرنس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف سرگودھا میں’’صوفی نظریات اور جدید دنیا کے مسائل کا حل‘‘کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان اور شعبہ پنجابی زبان ، ادب اور ثقافت کے زیر اہتمام منعقدہ اس کانفرنس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوفی تعلیمات کی روحانی و اخلاقی گہرائی پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالیا نے حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کی روحانی تعلیمات پر ایک جامع اور عمیق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا فرید کا پیغام امن، محبت اور خدمت خلق پر مبنی ہے ۔ ڈاکٹر شاہزیب خان نے اپنے خطاب میں صوفی ورلڈ ویو کو بین الاقوامی تنازعات اور سماجی مسائل کے حل کا ایک بہترین ذریعہ قرار دیا ۔ ڈاکٹر تنویر نے کہا کہ آج بھی صوفی تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ ہمیں اپنے سماجی و معاشرتی فرق کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح مثبت تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔ انجینئر محمود اعوان نے کہا کہ صوفی ادب ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم کیسے اپنی زندگیوں میں انسان دوستی کو فروغ دے سکتے ہیں۔