کاشتکاروں کو گندم کی کاشت 20 نومبر تک یقینی بنانے کی ہدایت ، ایک ہزار گرین ٹریکٹر تقسیم ہو نگے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ گندم کی کاشت کو 20 نومبر تک یقینی بنائیں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے ۔۔
ڈپٹی کمشنرز اور زراعت افسران کسانوں کی بھر پور رہنمائی کریں ۔ ٹارگٹ کے حصول کیلئے کسان ونمبر دار ز کنونشن کئے جائیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر زراعت افسران سے ترتیب کردہ شیڈول لے کر خود فیلڈ میں جا کر گندم کی کاشت کا جائزہ لیں ۔ یہ احکامات انہوں نے ڈویژنل گندم کاشت کمیٹی کے دوسرے جائزہ اجلاس میں جاری کئے ۔ اجلاس کو ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے بتایا کہ امسال گندم کی کاشت کا 17 لاکھ 40ہزار ایکڑ رقبہ ہدف مقرر کیاگیا اور اب تک 4 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیاگیاہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ساڑھے 12ایکڑ سے 25 ایکڑ تک گندم کی کاشت والے ایک ہزار کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزلیول مفت دینے کا اعلان کیاہے جبکہ 25 ایکڑ سے زائد گندم کاشت کرنیوالے کاشتکاروں میں ایک ہزار گرین ٹریکٹر مفت تقسیم کئے جائینگے ضلع سطح پر بہترین پیداوار حاصل کرنیوالے گندم کے کاشتکاروں کو بالتریب 10لاکھ 7لاکھ اور5لاکھ روپے بطور انعام دیا جائیگا۔ ڈائریکٹر زراعت نے بتایا ڈویژن میں دھان کی 65 فیصد کٹائی مکمل ہوچکی ہے ۔ گندم کی بوائی جاری ہے او راعلیٰ معیار کے بیج وکھاد بھی وافرمقدار میں دستیاب ہیں ۔ سرگودہا ڈویژن کے ایک ہزار 272 خوش نصیب کسانوں کو گرین ٹریکٹر کے اتھارٹی لیٹر کا 4 نومبر سے اجراشروع کیا جائیگا۔