مچھلی کی قیمتوں میں گزشتہ برس کی نسبت 90فیصد اضافہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مچھلی کی قیمتوں کو طے کرنا کا کوئی نظام نہ بنایا جاسکا، موسم تبدیل ہوتے ہی مچھلی کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوگئیں ،رواں برس مچھلی کی قیمتوں میں گزشتہ برس کی نسبت 90 فیصد تک اضافہ ہوچکا ۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری طور پر مچھلی کی کوئی ریٹ لسٹ جاری نہیں کی جاتی، مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے بڑے گوشت ،مرغی کے گوشت ،انڈوں ،سزیوں اور پھلوں سمیت کریانہ کی اشیا کی ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے لیکن مچھلی کی ریٹ لسٹ جاری نہیں کی جاتی ،مچھلی بھی بڑے گوشت اور برائلر چکن کی طرح روز مرہ کے استعمال کی چیز ہے لیکن مچھلی کی اقسام زیادہ ہوتی ہیں اور ہر قسم کی الگ قیمت ہوتی ہے ، اسی وجہ سے حکومت ضلعی انتظامیہ یا مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ریٹ لسٹ بنانے کی زحمت نہیں کی جاتی جس کا فائدہ آڑھتی اور دکاندار قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر کے اٹھاتے ہیں، رواں برس سردی کی شدت میں اضافہ سے پہلے ہی مچھلی کی قیمتیں شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں، مارکیٹ میں ایک کلو والی رہو مچھلی کی قیمت 460 روپے تک پہنچ چکی ، ایک کلو وزن والی ہی تھیلہ 460روپے ، سوہل 1700 روپے ، بام 850 روپے ، گلفام 550 روپے ، شنگھاری 1100 روپے اور کھگا 800 روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔مچھلی کی قیمت میں گزشتہ برس کی نسبت اوسطا 90 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو دیگر اشیا ضروریہ کی طرح مچھلی کی قیمتوں کو بھی ریگولیٹ کرکے ان پر قابو پانا چاہئے ۔