ڈی پی او میانوالی کا سٹی ایریا کے مختلف بازاروں کا دورہ
میانوالی (ڈسٹر کٹ رپورٹر ،نامہ نگار)ڈی پی او میانوالی کا سٹی ایریا کے مختلف بازاروں کا تفصیلی دورہ،مین بازار، صرافہ بازار اور مسلم بازار میں دکانداروں سے سکیورٹی کے حوالے سے ملاقات کی اور انکے مسائل سنے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی اختر فاروق نے سٹی ایریا کا وزٹ کیا اور مین بازار، صرافہ بازار اور مسلم بازار میں دکانداروں سے ملاقات کی اور سیکورٹی کے حوالے سے انکے مسائل سنے ۔تاجر برادری کی جانب سے مین بازار، صرافہ بازار اور مسلم بازار میں ٹریفک، پارکنگ اور غیر قانونی تجاوزات کے مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر ڈی پی او میانوالی نے کہا کہ آپ کی فلاح، شہر بھر میں منظم ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ آپ کو جلد ہی سازگار ماحول اور تجاوزات سمیت دیگر تمام مسائل حل ہوتے نظر آئیں گے ۔اس سلسلے میں تاجر برادری اور شہریوں سے بھی مشاورت کی جائے گئی تاکہ ان اقدامات کے نتائج دیرپا ہوں۔ڈی پی او میانوالی نے تمام تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے اپنے درپیش مسائل کے حوالے سے نشاند ہی کروائی۔ شہر کے مسائل کے حل کیلئے تاجر برادری نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور پولیس کیساتھ مثالی تعاون کیا ہے ۔ انشاﷲ پولیس اور تاجروں کے درمیان باہمی عزت و احترام کے روابط کو مزید فروغ دیا جائیگا ،اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل صدر شیخ کامران ظہور، ڈی ایس پی ٹریفک ناصر محمود، ایس ایچ او تھانہ سٹی سب انسپکٹر محمد فیاض، انسپکٹر ضرار خان پی آر او ٹو ڈی پی او بھی ہمراہ موجود تھے ۔