گندم کاشت کا ہدف 17 لاکھ 40 ایکڑ مقرر :جہانزیب اعوان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے خصوصی طور پر تاریخی انعامی پیکج متعارف کرایا ہے۔۔۔
جس کے تحت25ایکڑ اور اس سے زائد رقبہ گندم کے زیرِ کاشت لانے پر اربوں روپے مالیت کے 1ہزار ٹریکٹرز جبکہ ساڑھے بارہ تا25 ایکڑ گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو1 ہزار لیزر لینڈ لیولرز قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کسان و نمبردار کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور اے ڈی سی ار فہد محمود، اسسٹنٹ کمشنرز کے علاؤہ محکمہ زراعت کے افسران ، جامعہ سرگودہا کے زرعی ماہرین، زرعی گریجویٹس اور گندم کے کاشتکاروں و نمبرداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ امسال سرگودہا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا ہدف 17 لاکھ 40 ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ، جس کے حصول کیلئے تمام وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔محکمہ زراعت توسیع کا عملہ کاشتکاروں کی بھرپور راہنمائی کر رہا ہے ۔گندم کے ایکشن پلان کے مطابق کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ میں معیاری کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی ٹیمیں مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے بڑے اکٹھ اور نمائشی پلاٹس تیار کئے جا رہے ہیں۔