28کروڑ روپے خرچ،شہری پینے کے پانی سے محروم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) 28 کروڑ روپے کی لاگت سے لگائے جانے والے ٹیوب ویلز و بچھائی جانے والی واٹر سپلائی لائن کے باوجود سرگودھا کے شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس کر رہ گئے ہیں۔۔۔
سابقہ دور حکومت میں شہر میں پینے کے پانی کی قلت کو پورا کرنے کیلئے 28 کروڑ کی لاگت سے عزیز بھٹی ٹاؤن کے قریب 24 ٹیوب ویل لگائے گئے اور سلانوالی روڈ حمید ٹاؤن، استقلال آباد، طارق آباد، ڈیرہ عیسیٰ نگر تک پائپ لائن بچھا کر ٹینکیاں تیار کی گئیں، انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اکثر ٹیوب ویلز کی موٹریں خراب ہو گئی ہیں، جو مرمت نہیں کرائی جا سکیں، صرف سلانوالی روڈ کی ٹینکی کو بھر دیا جاتا ہے ، چونکہ موٹریں خراب ہونے کی وجہ سے دیگر ٹینکیوں میں پانی نہیں پہنچ پا رہا، جس کی وجہ سے شہری خرید کر پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔